عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کے مطابق ویلیو ایشن پرائس طے کرائی جائیں

کراچی……پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہارون نثار نمبردار نے طویل عرسے سے زیر التوا ویلیو ایشن رولنگ سے متعلق کیسز کی فوری سماعت کا مطالبہ کیا ہے اورچیئرمین ایف بی آر سے درخواست کی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں موجودہ قیمتوں کے مطابق ویلیو ایشن پرائس طے کی جائیں تاکہ کمرشل امپورٹرز کو نقصانات سے بچایا جاسکے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے چیئرمین طارق باجوہ کوارسال کیے گئے خط میں پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین ہارون نثار نمبردار نے وزیرخزانہ کے ساتھ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)میں منعقدہ اجلاس کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اجلاس میں ایسوسی ایشن کی جانب سے اس امر پر تحفظات کا اظہار کیا گیاتھاکہ محکمہ کسٹمز نے ویلیو ایشن رولنگ پرائس سے متعلق کیسزکی سماعت کا عمل مؤخر کر دیا ہے جس کے جواب میں چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کیا گیاہے اور رولنگ پر عمل درآمد جاری ہے۔ہارون نثار نمبردر نے خط میں نشاندہی کی کہ 3سے4سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی ویلیو ایشن رولنگ سے متعلق کیسز زیرالتوا ہیں جس کی وجہ سے کمرشل امپورٹرز کو مشکلات کاسامنا ہے۔خط میں چیئرمین ایف بی آر سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ عالمی مارکیٹ میں دستیاب قیمتوں کے تناظر میں ویلیو ایشن پرائس پر نظرثانی کرنے اور ویلیو ایشن رولنگ پرائس سے متعلق کیسزکو جلد نمٹانے کے لیے ڈائریکٹریٹ آف کسٹمز ویلیو ایشن کراچی کو فوری ہدایات جاری کریں نیزخط میں سہ ماہی بنیاد پررولنگ پرائس پر نظرثانی کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

تبصرے بند ہیں.