صدارتی امیدوار؛ (ن)لیگ نے سید ممنون حسین،سعیدالزماں صدیقی اورسرتاج عزیزکے نام پیش کردیئے

اسلام آ باد: مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوارکے انتخاب کے لئے پیپلزپارٹی کو سید ممنون حسین،سعیدالزماں صدیقی اورسرتاج عزیزکے نام پیش کردیئے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو ٹیلی فون کرکے صدارتی امیدوار کے لئے مشاورت کی، اس موقع پر خواجہ آصف نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سید ممنون حسین، سعید الزماں صدیقی اورسرتاج عزیزکے نام پیش کئے جبکہ چند روز قبل مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار کے لئے 6 ناموں کو حتمی شکل دی تھی لیکن اب ان ناموں پر غورکے بعد دوبارہ صرف تین نام تجویز کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نےسینیٹررضاربانی کوصدارتی امیدوار نامزد کیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ق) نے بلوچستان سے سینیٹر سعید مندوخیل کو صدارتی امیدوار نامزد کرتے ہوئے کسی بھی جماعت کے امیدوارکی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایم كیو ایم بھی چند روز میں اپنے امیدوار کا اعلان یا كسی دوسرے امیدوار كی حمایت كا فیصلہ كرے گی، اس ضمن میں رابطہ كمیٹی كے اجلاس میں لائحہ عمل طے كیا جائے گا تاہم حتمی فیصلہ ایم كیو ایم كے قائد الطاف حسین كریں گے۔

تبصرے بند ہیں.