شکست کا خوف انگلینڈ کی آنکھوں سے جھلکنے لگا، پہلے ایشز ٹیسٹ میں فتح کیلیے اسے اختتامی 2 روز میں8 وکٹوں کی موجودگی میں مزید537رنز بنانے ہوں گے۔ اس ٹارگٹ کا حصول دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن کیلیے بھی ممکن نہیں لگتا، میزبان نے تیسرے دن کا اختتام2وکٹ پر 24رنز پر کیا، قبل ازیں آسٹریلیا نے7 وکٹ پر401رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کر کے انگلش سائیڈ کو 561 کا ہدف دیا، سنچریاں بنانے والے ڈیوڈ وارنر اور مائیکل کلارک نے تیسری وکٹ کیلیے اسکور میں158رنز کا اضافہ کیا، بریڈ ہیڈن نے ففٹی بنائی، لنچ سے قبل بارش کی وجہ سے 15منٹ کا کھیل ضائع ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وولین گابا میں تیسرے روز صرف2رنز کے اضافے سے پہلی آسٹریلوی وکٹ گر گئی، کرس روجرز 16کے انفرادی اسکور پر کیربری کے ہاتھوں جکڑے گئے، جس وقت براڈ نے انھیں شکار کیا ٹیم نے67رنز بنائے تھے، شین واٹسن کی اننگز 6 رنز سے آگے نہ بڑھ پائی، انھوں نے ٹریملٹ کی گیند براڈ کے ہاتھوں میں پہنچا کر رخت سفر اختیار کیا، انگلینڈ کی یہ خوشیاں عارضی ثابت ہوئیں، ڈیوڈ وارنر اور مائیکل کلارک کی عمدہ بیٹنگ نے ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم بنا دی۔
تبصرے بند ہیں.