شاہینوں نے بلند اُڑان بھرنے کی تیاری کرلی، نیپال کے خلاف 326 رنز جڑ دیے

ابوظبی: انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل شاہینوں نے بلند اڑان بھرنے کی ریہرسل کرلی، وارم اپ مقابلے میں نیپال کیخلاف 121 رنز کی فتح سمیٹ لی، 327 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والی نیپالی ٹیم نے بھی پاکستانی اٹیک کا بھرم کھول کر رکھ دیا۔

انگلینڈ کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی 4 ون ڈے میچز کی سیریز سے قبل پاکستان ٹیم نے نیپال کے خلاف میچ میں بھرپور پریکٹس کرلی، اس نے حریف ایسوسی ایٹ سائیڈ کو 121 رنز سے مات تو دی مگر بولنگ اٹیک نوآموز بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیرنے میں ناکام رہا، 50 اوورز میں بمشکل پانچ وکٹیں ہی ہاتھ آسکیں۔

327 رنز ہدف کے تعاقب میں پہلی نیپالی وکٹ 14 ویں اوور میں 49 کے مجموعے پر گری جب سبھاش کھاکوریل 26 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے، کیچ انور علی نے تھاما،اگلی وکٹ کیلیے گرین شرٹس کو 33 ویں اوور تک کا انتظار کرنا پڑا، تب تک اوپنر انیل منڈل نے ساگر پون کی رفاقت میں اسکور کو 128 تک پہنچادیا، منڈل کو انور علی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ حریف بیٹسمینوں کی مزاحمت دیکھ کر کپتان اظہر علی کو پارٹ ٹائمر احمد شہزاد کو بھی گیند تھمانا پڑی جنھوں نے پون کو اظہر علی کی مدد سے 39 رنز پر قابو کیا، پارس کھڈکا 13 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، گیندرا مالا 41 رنز بناکر انور علی کی دوسری وکٹ بنے، کیچ بابر اعظم نے تھاما۔

یوں نیپال نے 5 وکٹ پر مقررہ اوورز میں 205 رنز بنائے۔ انور علی نے 10 اوورز میں 2 وکٹیں لیں، اتنے ہی اوورز میں یاسر شاہ ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرپائے، محمد عرفان 9 اور شعیب ملک 7 اوورز کرنے کے باوجود وکٹ سے محروم رہے۔ اس سے پہلے پاکستان کی پہلی وکٹ 55 کے مجموعے پر گری، احمد شہزاد 35 رنز بناکر ریگمی کی گیند پر کیچ ہوئے، اظہر علی دو چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 73 رنز اتنی ہی بالز پر بنانے کے بعد دوسرے بیٹسمینوں کو پریکٹس کا موقع دینے کیلیے ریٹائرآؤٹ ہوگئے، حفیظ کو ساگر پون نے 49 کے انفرادی اسکور پر قابو کیا، انھوں نے 55 بالز کا سامنا کرتے ہوئے تین چھکے اور اتنے ہی چوکے جڑے، ون ڈے اسکواڈ میں واپس آنے والے یونس خان صرف 38 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کیلیے انھوں نے 42 بالز میں سے تین کو باؤنڈری کی سیر کرائی، وہ ریگمی کی وکٹ بنے۔

شعیب ملک بھی 49 بالز پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد ریٹائرآؤٹ ہوگئے، سرفراز احمد صرف دورنز پر کھڈکا کی وکٹ بن گئے، بابر اعظم 43 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، یوں پاکستان نے 6 وکٹ پر 326 رنز بنائے۔ دریں اثنا انگلینڈ نے پریکٹس میچ میں ہانگ کانگ کو 163 رنز سے زیر کیا، ناکام ٹیم 343 رنز ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 40.2 اوورز میں 173 پر ڈھیر ہوگئی، بابر حیات 78 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، 7 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہوسکے، ڈیوڈ ویلی نے 4 جبکہ ریسی ٹوپلے اور عادل رشید نے دودو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل انگلش ٹیم نے 8 وکٹ پر 342 رنز بنائے، معین علی نے 71 اور الیکس ہالز نے 64 رنز اسکور کیے، جیسن روئے 42، جوئے روٹ 39 اور جوز بٹلر 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تنویر افضل، حسیب امجد اور ندیم احمد نے دودو وکٹیں لیں۔

تبصرے بند ہیں.