شام پر حملہ نہ کیا تو ایران امریکا کو کمزور سمجھے گا، جان کیری

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اگر شام کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ایران کو امریکا کے کمزور ہونے کا پیغام جائے گا۔ کانگریس کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا کہنا تھا شام کے خلاف فوجی کارروائی نہ ہوئی تو ایران سمجھے گا امریکا کمزور ہو گیا ہے، امریکا شام کے خلاف جنگ نہیں بلکہ محدود کارروائی چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کی طرف سے کیمیائی ہتھیار عالمی برادری کی نگرانی میں دینے سے اس صورتحال سے نکلا جاسکتا ہے لیکن اس کے باوجود شام کے خلاف فوجی کارروائی بھی ضرورہونی چاہئے۔ گزشتہ روز امریکی صدر براک اوباما نے اعلان کیا تھا کہ کیمیائی ہتھیار عالمی تحویل میں جانے کی صورت میں امریکا شام پر جنگ مسلط نہیں کرے گا، دوسری جانب فرانس نے شام کے کیمیائی ہتھیار عالمی برادری کی تحویل میں دینے کے لئے سلامتی کونسل میں قرارداد لانے کا اعلان کیا ہے، قرارداد میں شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیروں کے مکمل معائنے کی درخواست بھی کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.