شارجہ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

شارجہ: شارجہ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 355 رنز پر آؤٹ ہوئی اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 284 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 146 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو نائٹ واچ مین راحت علی اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے تاہم دوسری جانب محمد حفیظ نے شاندار بلے بازی جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ کھانے کے وقفے کے بعد مصباح الحق 38 رنز بنا کر اسٹیورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جب کہ محمد حفیظ 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد 36 رنز بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ  اسد شفیق کریز پر ڈٹے رہے تاہم 319 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ بھی اسد شفیق کا ساتھ چھوڑ گئے، انہوں نے 4 رنز بنائے، اسد شفیق اور وہاب ریاض نے نویں وکٹ کی شراکت میں 35 قیمتی رنز کا اضافہ کیا لیکن اسٹوورٹ براڈ نے اسد شفیق کی وکٹ لے کر اس شراکت کو توڑا تو اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 354 رنز تھا۔ ایک رن کے اضافے کے بعد وہاب ریاض بھی رن آؤٹ ہوگئے جنہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹوورٹ براڈ نے 3، جیمز اینڈرسن نے 2 جبکہ معین علی، سمیت پٹیل اور عادل راشد نے ایک ایک وکٹ لی۔ انگلینڈ نے 284 رنز کے جواب میں چوتھے دن کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 46 رنز بنالیے ہیں جب کہ میچ جیتنے کے لیے اب بھی 238 رنز درکار ہیں،معین علی 22 اور ای این بیل صفر رنز پر شعیب ملک کا شکار بنے جب کہ کپتان الیسٹر کک 17 اور جوئے روٹ 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

تبصرے بند ہیں.