شادی کرکٹرزکیلیے مفید یا نقصان دہ، دلچسپ حقائق ظاہر

ئی دہلی: شادی کرکٹرزکیلیے مفید یا نقصان دہ ہے،اس حوالے سے دلچسپ حقائق سامنے آ گئے،بھارتی اسٹار ویرات کوہلی کی فلمی اداکارہ انوشکا شرما سے دوستی ختم ہونے کے بعد پرفارمنس میں نمایاں بہتری پر بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کی بیگمات اور خواتین دوست ان کی پرفارمنس پر اثر انداز ہوتی ہیں، ایک بھارتی براڈ کاسٹر نے ٹی وی شو میں اس حوالے سے دلچسپ تقابلی جائزہ پیش کیا۔

جس میں ماضی اور حال کے کئی معروف پلیئرز کی شادی سے قبل اور بعد کی ٹیسٹ اوسط کا موازنہ کیا گیا، شائقین کی جانب سے اکثر کھلاڑیوں کی بیگمات اور خواتین دوستوں کو ان کی آن فیلڈ خراب پرفارمنس پر مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے، پیش کیے گئے جائزے میں ڈیوڈ وارنر اور نوجوت سنگھ سدھو کی پرفارمنس میں نمایاں بہتری دکھائی دی، سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ کی کارکردگی میں کچھ خاص فرق نہیں پڑا، سدھو شادی سے قبل 13 کی اوسط سے کھیلتے تھے جبکہ بعد میں یہ بڑھ کر43.32 ہوگئی، اسی طرح وارنر 48.20 سے 54.92 پر پہنچ گئے۔

بھارتی ون ڈے کپتان دھونی کے ساتھ برعکس ہوا، وہ شادی سے قبل 42.59 کی اوسط سے کھیلتے تھے جبکہ ساکشی کو جیون ساتھی بنانے کے بعد یہ اوسط 34.47 ہوگئی، رمیز راجہ پہلے 32.28 پر تھے اور بعد میں 31.62 پر آگئے، شین واٹسن بھی 39.43 سے 33.52 پر چلے گئے ، ڈی ویلیئرز 50.50 سے 50.29 پر گئے، فاف ڈوپلیسی کے شماریات 58.50 سے کم ہوکر35.38 ہوگئے۔

دوسری جانب بھارتی اوپنر سریش رائنا نے کہا ہے کہ شادی کے بعد بطور انسان وہ خود کو زیادہ بہتر خیال کرتے ہیں، انھوں نے گذشتہ برس پریانکا چوہدری سے بیاہ رچایا تھا۔وہ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں گجرات لائنز کی قیادت بھی کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ زندگی کے نئے سفر پر میری اہلیہ انتہائی مددگار ثابت ہوئی ہیں، وہ میرے ٹیم پلیئرز کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے پر قطعی خفا نہیں ہوتیں بلکہ اس معاملے میں میری حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.