سی پیک میں چینی سرمایہ کاری 62 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، گورنر سندھ

کراچی: 

گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ چین نے سی پیک کے انفرااسٹرکچر پروجیکٹس کے لیے اضافی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد سی پیک منصوبوں کے تحت کی جانے والی سرمایہ کاری کی مالیت 55ارب ڈالر سے بڑھ کر 62 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ اضافی سرمایہ کاری انڈسٹریل زونز کی تعمیر سمیت دیگر مختلف شعبوں میں کی جائے گی۔ ان منصوبوں میں کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ بھی شامل ہے جس کے بارے میں چین کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ سی پیک منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری 2015 تک 46 ارب ڈالر تھی تاہم وفاقی وزیر پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارمرز احسن اقبال، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق  اور صوبوں کے وزرا اعلیٰ کے تین ماہ قبل چین کے دورے کے بعد یہ سرمایہ کاری بڑھ کر 55ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس سرمایہ کاری کے  ثمرات عوام تک پہنچیں گے، اس میں سے 34ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے شعبے میں کی جارہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.