سیمنٹ کی مقامی فروخت تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگئی

کراچی: سیمنٹ کی مقامی ترسیلات 2012-13 میں تاریخ کی بلند ترین سطح پار کرتے ہوئے 25 ملین ٹن سے اوپر چلی گئیں، جو گزشتہ سال کے 23.95 ملین ٹن کی ترسیلات کی نسبت 1.1ملین ٹن زیادہ ہیں تاہم برآمدات میں ٹھہراؤ نے سیمنٹ کے شعبے کی بہترین کارکردگی کو گہنا دیا ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان (اے پی سی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق 2012-13کے دوران صنعت کی جانب سے کل 33.43 ملین ٹن کی ترسیلات جاری ہوئیں جن میں سے 25.06 ملین ٹن ملکی سطح پر استعمال ہوئیں جب کہ 8.37 ملین ٹن برآمد کی گئیں تاہم ترسیلات کی کل مقدار 2009-2010کی ریکارڈ 34.22 ملین ٹن سے کم رہیں جن میں 10.65 ملین ٹن کی برآمدات اور 23.57 ملین ٹن کی قومی سطح پر کی گئی ترسیلات شامل تھیں۔ 2012-13کے دوران برآمدات میں کوئی خاص کمی بیشی نہیں دیکھی گئی اور برآمدات 8.37 ملین ٹن رہیں۔دریں اثنا، جون 2013 کیلیے جاری کردہ اعدادوشمار سے معلوم ہوا ہے کہ تعمیراتی کاموں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی جس کی وجہ نئی حکومت کا اختیارات سنبھالنے میں وقت لگنا تھا اور مالکان ہدایات کے لیے نئے معاشی منیجرز کی جانب سے ہدایات جاری ہونے کے منتظر رہے۔ جون 2011-12 کی قومی ترسیلات 2.29 ملین ٹن تھیں جن کی نسبت جون 2012-13 کی ترسیلات کم ہو کر 2.21 ملین ٹن رہ گئیں اور اس طرح ان میں 3.23 فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ برآمدات میں کمی پہلے کی نسبت کافی زیادہ رہی جوجون 2011-12 میں 0.731 ملین ٹن تھی اور 8.97 فی صد کمی کے ساتھ 2012-13 کے اسی عرصے کے دوران 0.665 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان نے مقامی طلب میں اضافے کو سیمنٹ مینوفیکچررز کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمینٹ کی استعدادکو ملکی کی قومی سطح پر ضروریات کے مطابق بڑھایا گیا ہے۔ سیمنٹ کی برآمدات، جہاں کہیںتھوڑے بہت مارجن کے ساتھ ممکن تھیں انہیں پورا کیا گیا ہے جب کہ قومی طلب میں معاشی انحطاط کی وجہ سے کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوسکا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ مالی سال، سمینٹ کے شعبے کے لیے ایک نئی زندگی لے کر آئے گا اور اس کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوسکے گا کیوں کہ نئی حکومت انفرااسٹرکچر اور معاشی نشوونما کو بے حد اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موزوں منصوبہ بندی اور محتاط معاشی پالیسیوں کے ذریعے پاکستان اس بات کی اہلیت رکھتا ہے کہ سیمنٹ کی نصب شدہ کل استعداد 44.7 ملین ٹن کو استعمال کر سکے۔

تبصرے بند ہیں.