سیلابی ریلا گڈو بیراج پہنچ گیا ،گھوٹکی میں کئی دیہات زیر آب

متعدد گھر اور فصلیں تباہ ،پانی کی آمد 50 ہزار 843 کیوسک تک جا پہنچی 

گھوٹکی ( ) پنجاب میں تباہی کے بعد سیلابی ریلا سندھ میں گڈو بیراج پہنچنا شروع ہوگیا ۔ گھوٹکی میں کئی دیہات زیر آب آگئے ، رحیم یار خان ، ڈیرہ غازی خان ، راجن پور اور شہر سلطان کی مزید کئی آبادیاں بھی پانی کی لپیٹ میں آگئیں ۔ پنجاب میں ہزاروں دیہات ، گھروں ، فصلوں کو نیست و نابود کرتا دریائے چناب کا سیلابی ریلا سندھ میں گڈو بیراج پہنچنا شروع ہوگیا ہے ۔ ہیڈ پنجند پر پانی میں کمی جبکہ گڈو بیراج پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے ۔ گڈو کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگئی ہے ۔ بیراج کے قریب بڑے رقبے پر کھڑی فصلیں بھی پانی کی لپیٹ میں آگئی ہیں ۔ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ اٹھہتر ہزار کیوسک اور گھوٹکی بیراج پر پانی کی آمد 50 ہزار 843 کیوسک تک جا پہنچی ہے ۔ سیلابی پانی نے کچے کے درجنوں دیہات ڈبو دیئے ہیں ۔ زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث سیکڑوں افراد پھنسے ہوئے ہیں ۔ علی پور کے علاقے خان گڑھ اور شجاع آباد میں بھی سیکڑوں بستیاں پانی کی لپیٹ میں ہیں ۔ دریائی کٹاؤ کے باعث شہر سلطان کے متعدد علاقے بھی سیلاب کی زد میں آگئے ۔ ٹھٹھہ سیال ، مراد آباد اوربھٹہ پور سمیت مظفر گڑھ کے درجنوں علاقے بھی ڈوبے ہوئے ہیں ۔ ڈیرہ غازی خان میں شیخانی کے مقام پر شوڑیا نالے کا بند ٹوٹنے سے بھی بڑا علاقہ زیر آب آگیا –

تبصرے بند ہیں.