سیریز برابر کرنے کا بھارتی ارمان بارش میں بہہ گیا

لوڈیرہل:  ویسٹ انڈیز سے ٹوئنٹی 20 سیریز برابر کرنے کی بھارتی امیدیں بارش میں بہہ گئیں، دوسرا اور آخری میچ خراب موسم اور کنڈیشنز کی وجہ سے ختم قرار دے دیا گیا، کیریبیئن ٹیم نے 1-0 سے میدان مارلیا۔

تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں بھرپور مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے شکست کھانے والی بھارتی ٹیم دوسرا اور آخری ٹی 20 جیت کر سیریز برابر کرنے کی خواہاں تھی مگر بارش نے ان کی یہ حسرت پوری نہیں ہونے دی۔ فتح کیلیے 144 رنز کے تعاقب میں جانے والے بھارت نے دو اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی، کافی دیر موسم صاف ہونے کا انتظار کیا گیا، جب بارش رکی توریجنل پارک کی کنڈیشنز خاص طور پر بولرز رن اپ ایریا کو خطرناک قرار دیتے ہوئے میچ ختم کرا دیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.