سکس ریڈایشین اسنوکر:پاکستان کا شاندار آغاز، محمد آصف اور سجاد کی فتوحات

دوحا: سکس ریڈ ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدائی معرکے سر کرلیے۔ قطرکے دارالحکومت دوحا میں جاری ایونٹ کے ابتدائی روز ٹیم کا آغاز فاتحانہ رہا، عالمی چیمپئن محمد آصف نے اردن کے خالد القریشی کو ایک کے مقابلے میں 5 فریمز سے آؤٹ کلاس کیا، انھوں نے اپنے تجربے کی بدولت مہارت سے کھیلتے ہوئے مخالف کیوئسٹ کوجم کرکھیلنے نہ دیا اور پورے میچ پر چھائے رہے۔ محمد سجاد نے متحدہ عرب امارات کے محد شہاب کو بھی اسی اسکور سے شکست دی، وہ چیمپئن شپ میں اپنا اگلا میچ بھارت کے لکشمن روات کے خلاف کھیلیں گے،محمد آصف کا مقابلہ عراق کے علی جلیل علی سے ہوگا۔ ایونٹ میں شریک پاکستان، ایران، ہانگ کانگ، کویت، چین، عراق، یواے ای، منگولیا، تھائی لینڈ، افغانستان، اردن، بھارت، سنگا پور اور سعودی عرب کے37 کھلاڑیوں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، افغان کیوئسٹ صالح محمد ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ پلیئر ہیں۔ ابتدائی دو روز لیگ میچز کے بعد اتوار سے ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.