سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے ملکیتی میڈیکل کالج کی تفصیلات طلب کرلیں

لاہور: 

سپریم کورٹ نے نجی میڈیکل کالجز میں فیسوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران شریف خاندان کے ملکیتی کالج کے بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر تفصیلات طلب کرلیں۔

سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں نجی میڈیکل کالجوں کی جانب سے زائد فیسیں وصول کرنے پراز خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے بیٹے آصف رجوانہ نے عدالت کے روبرو پیش ہوکرغیر مشروط معافی مانگ لی، عدالت کے استفسار پر گورنر پنجاب کے بیٹے آصف رجوانہ نے بتایا کہ ہمارے ایڈووکیٹ انجم سے خاندانی مراسم ہیں،  وہ میری والدہ کے برابر ہیں، ڈاکٹر فرید نے ایڈووکیٹ انجم کو فون کرنے کے لیے کہا تھا۔ چیف جسٹس نے آصف رجوانہ کی غیر مشروط معافی کو قبول کرلیا۔

عدالتی حکم کے باوجود شریف میڈیکل کالج کے مالکان کی عدم موجودگی پر چیف جسٹس  نے استفسار کیا کہ شریف فیملی کی ملکیت شریف میڈیکل کالج کے مالک کیوں نہیں آئے، جس پر شریف میڈیکل کالج کے پرنسپل نے بتایا کہ کالج کے مین ٹرسٹی میاں نواز شریف ہیں،انہیں نوٹس نہیں ملا جس کی وجہ سے  حاضر نہیں ہو سکے، چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر عدالت کو بتایا جائے کہ طالب علموں سے کتنی فیس وصول کی جاتی ہے، اس کے علاوہ اسپتال کے بینک اکاؤنٹس اور دیگر تمام تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.