سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کیلیے آبزرویشن دی، آردر جاری نہیں کیا،قائم علی شاہ

سکھر: وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے 15ستمبر تک انعقاد کے حوالے سے آبزرویشن دی ہے۔ آرڈر جاری نہیں کیا،15ستمبر تک بلدیاتی نظام کے حوالے سے قانون سازی کیلیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، یہ بات انھوں نے بدھ کو سکھرایئرپورٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایم پی اے نعیم کھرل، ظفر اقبال بلال، راج کمار وادھوانی اور مظہر خان بھی موجود تھے، قائم علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق سندھ اسمبلی کے اندر اور باہر کی تمام جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں، پولیس کی کارکردگی بہتر ہورہی ہے، گزشتہ دنوں پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا، ملزمان کو جلد منظر عام پر لایا جائے گا۔اسلحے کی کھیپ پکڑنے والی پولیس ٹیم کو 5لاکھ روپے انعام دیا ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کراچی میں کئی بھتہ خوروں کو پکڑا گیا ہے، انھیں سزائیں بھی مل رہی ہیں، جن علاقوں سے بھتہ خوری کی شکایت موصول ہورہی ہیں، وہاں سدباب کے انتظامات کیے ہیں، جوڑیا بازار، کلاتھ مارکیٹ اور دیگر کاروباری مراکز کے قریب رینجرز اور پولیس کی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔ جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ اس بار دریائے سندھ میں زیادہ پانی نہیں آئے گا، اس کے باوجود سیلاب سے بچائو کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے خیرپور کے قریب درازہ شریف میں سچل سرمست کے مزار پرپھولوں کی چادر چڑھا کر 192 ویں سہ روزہ عرس کا افتتاح کیا۔ بعدازاںوزیر اعلیٰ نے لالہ غفار شیخ کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیرپور کے لوگ سیاسی شعور رکھنے والے لوگ ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کراچی کا امن و امان کا ماحول اتنا خراب ہوتا تو باہر سے لوگ روزگار کے لیے کراچی نہ آتے۔

تبصرے بند ہیں.