سری لنکن امیدوں کی کشتی بیچ منجھدار میں پھنس گئی

کولمبو: سری لنکن امیدوں کی کشتی بیچ منجھدار میں پھنس گئی، کولمبو ٹیسٹ میں شکست کے سائے سر پر منڈلانے لگے، 386 رنز ہدف کے تعاقب میں 67 پر تین وکٹیں گنوادیں، سات وکٹوں کے سہارے 319 رنز کا پہاڑ عبور کرنے کا کٹھن چیلنج درپیش ہے، چوتھے دن کے اختتام پر کوشل سلوا 24 اور انجیلو میتھیوز 22 رنز کے ساتھ مزاحمت جاری رکھے ہوئے تھے۔

آخری روز بارش کی پیشگوئی درست ثابت ہونے سے ہی مرجھائے چہرے کھل سکتے ہیں، اس سے قبل بھارت کی دوسری اننگز 274 رنز پر تمام ہوئی، روہت شرما اور ایشون نے ففٹیز اسکور کیں، دھمیکا پرساد اور نوان پردیپ نے 4، 4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق  فیصلہ کن ٹیسٹ میں فتح کیلیے 386 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا کو آغاز میں زبردست صدمہ پہنچا،ایک رن پر ایک اور 2رنز پر دوسری وکٹ گر گئی،اپل تھارنگا اور ڈیموتھ کرونارتنے صفر کی خفت سے دوچارہوئے۔

اگرچہ دونوں ہی کاٹ بی ہائنڈ ہوئے مگر کامیاب بولر بالترتیب  ایشانت شرما اور امیش یادیو تھے۔تیسری وکٹ21 کے اسکور پر گری جب دنیش چندیمل کو 18 کے انفرادی اسکور پر ایشانت نے کپتان کوہلی کی مدد سے پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو کوشل سلوا 24 اور میتھیوز 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

تبصرے بند ہیں.