سری لنکا نے افغان وایرانی منڈیوں کیلیے پاکستانی پورٹس تک رسائی مانگ لی

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سنیٹر کامران مائیکل نے سری لنکن ہائی کمشنر جے لاتھ ویر کوڈی سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو ذمے داری سنبھالنے پر مبارکباد دی، اس موقع پر بندرگاہوں اور جہاز رانی سے متعلق دوطرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل نے ڈینگی کی وبا کے دوران سری لنکن حکومت کی خدمات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے سری لنکا کے پورٹس اینڈ شپنگ کے محکمے کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور وفاقی وزیر کو باضابطہ طور پر سری لنکا آنے کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر نے سری لنکن ہائی کمشنر کی دعوت قبول کرتے ہوئے ان کو اپنی وزارت کے اداروں کا تفصیلی دورہ کرنے کی پیشکش کی تاکہ دونوں ممالک میں اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ ٹریڈ کو فروغ دیا جاسکے۔ اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر نے افغانستان اور ایران سے ٹریڈ کی رسائی کیلیے پاکستانی پورٹس کے تعاون میں دلچسپی کااظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے ان کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے دونوں ممالک میں مستحکم تعلقات استوار ہونگے۔

تبصرے بند ہیں.