سرینا ولیمز کا موبائل فون اٹھاکر بھاگنے والا چور ٹینس اسٹار کی پھرتی سے نہ بچ سکا

نیویارک: کھلاڑی اپنی تیزی، پھرتی اور چستی کا مظاہرہ صرف کھیل کے میدان میں نہیں کرتے بلکہ ان کی یہ تیز رفتاری عملی زندگی میں نظرآتی ہے اور اس کا ایک مظاہرہ ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے بھی کرکے دکھایا جب ایک چور ان کا موبائل لے کر بھاگا لیکن سرینا نے بجلی کی سی تیزی سے بھاگ کر چور کو دھر لیا۔

21 گرینڈ سلام ٹائٹل نام کرنے والی اور دنیائے ٹینس کی بے تاج ملکہ سرینا ولیمز ایک ریسٹورنٹ میں بیٹھی کھانے پینے میں مصروف تھیں کہ اس دوران اچانک ایک چور نے نظریں بچا کر ان کا موبائل فون اٹھا لیا اور بھاگ کھڑا ہوا لیکن اسے کیا خبر تھی کہ فون سرینا ولیمز کا ہے جس نے ٹینس کورٹ میں اپنے مدمقابل کو کبھی بھاگنے نہیں دیا تو وہ اسے کیسے بھاگنے دیں گی، چور کی جانب سے اس حرکت کے بعد سرینا اپنی شاندر اتھیلیٹک صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرسیوں اور میزوں کے اوپر سے کودتے ہوئے چند ہی لمحوں میں چور کے قریب پہنچ گئیں اور چور حیران ہو کر انہیں دیکھنے لگا۔

سرینا کا کہنا تھا کہ چور کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ وہ اتنی تیز دوڑیں گی اسی لیے انہوں نے چور کے قریب پہنچتے ہی کہہ دیا کہ اگر آپ نے غلطی سے غلط فون اٹھالیا ہے تو اسے واپس کردو۔ اب چور کے پاس یہ کہنے کے علاوہ کوئی چارا نہ تھا کہ وہ غلطی سے اس کا فون اٹھا لایا اور فون سرینا کے حوالے کر کے وہاں سے فوری طور پر رفو چکر ہوگیا۔ سرینا کا اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر کہنا تھاکہ ان کی شاندار کوشش کو لوگوں نے بے حد سراہا اور خوب داد دی۔

تبصرے بند ہیں.