سرمایہ لگائیں اوراسپین کا 5سالہ گولڈن رہائشی ویزہ حاصل کریں

بارسلونا :اسپین کی حکومت نے سرمایہ کاری اور جائیداد کی خریداری کے نتیجے میں غیر ملکیوں کیلئے ریذیڈنسی ویزوں کے حصول میں آسانیاں پیدا کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کے تحت اسپین میں کاروبار میں ایک لاکھ یورو لگانے، 5لاکھ روپے کی پراپرٹی خریدنے اور 12 لاکھ یورو کے مفاد عامہ کے پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کر نے والوں کو اسپین کے قیام کےویزوں کی پیشکش کی گئی ہے اور ان ویزوں کو “گولڈن ویزے”کا نام دیا گیا ہے۔حکومتی اعدادوشمار کے مطابق ستمبر2013سے لیکر اب تک 530غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اسپین میں سرمایہ کاری کے نتیجے میں ہسپانوی ویزے کی سہولت سے فائدہ اٹھایا ہے۔ویزے میں آسانی کی سہولت سے فائدہ اٹھانے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں زیادہ تعداد چینی اور روسی سرمایہ کاروں کی ہے۔اسپین میں 2008سے جاری معاشی بحران کی وجہ سے مکانات اور پراپرٹی کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور یہ صورتحال غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے فائدہ مند ہے اور ایشین سرمایہ کاروں کیلئے یہ سب سے بہترین موقع ہے کہ وہ جائیداد خریدنے کے بدلے میں اسپین میں قیام کیلئے 5سالہ ریذیڈنس کارڈ حاصل کر سکیں۔چینی سرمایہ کاروں کا رحجان کاتالونیہ اور بیلارک جزائر کی جانب ہے۔گولڈن ویزہ کیلئے درخواست دینے والے کیلئے لازم ہے کہ وہ یورپ کے کسی ملک میں غیر قانونی طریقے سے داخل نہیں ہوا ہو۔درخواست گذار کی عمر 18سال یا اس سے زائد ہو اور اس کا شینگن سٹیٹ میں کبھی بھی ویزہ درخواست مسترد نہ ہوئی ہو،درخواست گذار مالی طور پر مستحکم ہو۔ویزادرخواست کے ساتھ ذاتی کاروبار کی تفصیل،بینک سٹیٹ منٹ اور جائیداد کی رجسٹریوں کی فوٹو کاپیاں بھی لف کی جائیں۔درخواست گذار کو اسپین میں کم از کم 5لاکھ کی سرمایہ کاری کرنا ضروری ہے۔گولڈن ویزا کی منظوری کے بعد درخواست گذار اپنے بیوی اور بچوں کو بھی سپین بلوا سکتا ہے جو 18سال سے کم عمر ہوں۔اٹھارہ سال سے زائد ان بچوں کو اس ویزاپر بلوایا جاسکتا ہے جو معذور یا بیمار ہوں اور ماں باپ کی توجہ کے بغیر رہ نہیں سکتے۔گولڈن ویزا کی تجدید کی بھی کوئی مدت نہیں کیونکہ ٹیکس گزار رہائشی کیلئے اسپین میں قیام کی کوئی حد نہیں۔5 سالہ قیام کے بعد گولڈن ویزا کے حامل فرد کو پرماننٹ ریذیڈنس کارڈ جاری کیا جائےگا،جس کے بعد وہ اپنی جائیدادکو فروخت کر نے کا مجاز ہوگا۔گولڈن ویزا کی مدت کے دوران جائیداد کی فروخت نہیں کی جا سکتی۔10 سال کی مدت کے بعد سرمایہ کاری کی بنیاد پر اسپین میں رہائش پذیر فرد شہریت کیلئے کوالیفائی کر جائے گا۔اس کے بعد اس کی فیملی یورپ کے کسی بھی ملک میں رہ سکتی ہے ،بچے کہیں بھی پڑھ سکتے ہیں اور یورپ کے کسی بھی ملک میں کاروبار کیا جاسکتا ہے۔گولڈن ویزا کیلئے درخواست دینے والے کو اسپین میں سیاحتی ویزے کیلئے اپلائی کرنا ہو گا۔اس دوران وہ اپنی پسند کی جائیداد کو دیکھ سکتا ہے اور چاہے تو مزید معاملات کی دیکھ بھال کیلئے اپنے قانونی مشیر کو پاور آف اٹارنی دے سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.