سرحدی تنازعات، چین روس کی پیروی نہ کرے: چک ہیگل

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے چین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے اور بڑے تمام ممالک عزت کے مستحق ہیں، چین روس کی پیروی نہ کرے، بعض ممالک کی خود مختاری کا احترام نہیں کیا جا رہا، انہیں ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔

ٹوکیو: (آن لائن) امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے چین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعات کے حوالے سے روس کی یوکرائن میں مداخلت کو مثال بنانے سے اجتناب کرے۔ اپنے دو روزہ دورہ ٹوکیو کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور بڑے تمام ممالک عزت کے مستحق ہیں۔ ہم بات کی واضح مثال دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح بعض ممالک کی خود مختاری کا احترام نہیں کیا جا رہا اور انہیں ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔ جو روس یوکرائن کے ساتھ کر رہا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے۔ ہیگل نے یوکرائن کے سابق علاقے کرائمیا کے روس کے ساتھ الحاق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کو بین الاقوامی قوانین کی اس نوع کی سنگین خلاف ورزی کے خلاف آواز اٹھانا چاہیے۔ چک ہیگل نے کرائمیا کی مثال کو چین کے اس کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعات سے جوڑتے ہوئے کہا کہ چھوٹے ممالک اتنے ہی خود مختار ہیں جتنا کہ بڑے ممالک۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طاقت کے ذریعے قوموں کو ہراساں نہیں کیا جا سکتا اور یہ بات پیسیفک کے چھوٹے جزائز پر بھی لاگو ہوتی ہے اور یورپی ممالک پر بھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بحیرہ مشرقی چین کے جزائر سے متعلق تنازع کے سلسلے میں چینی حکام سے گفت و شنید کریں گے۔ مبصرین کے مطابق چک ہیگل کے بیانات اس بات کا عندیہ ہیں کہ واشنگٹن بحیرہ مشرقی چین کے جزائر سے متعلق تنازع پر سخت رویہ اختیار کر چکا ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا کے کئی چھوٹے ممالک چین پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ سرحدی اور علاقائی تنازعات کے حوالے سے جارحانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ چک ہیگل کا کہنا تھا کہ ایک بڑی طاقت ہونے کے ناطے چین کی ذمہ داریاں بھی بڑی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.