سترہ سال جس کا انتظار کیا وہ مزیدار میچ آن پہنچا ہے،عمران خان

مانسہرہ…عمران خان کا کہنا ہے کہ 17 سال جس کا انتظار کیا وہ مزیدار میچ آن پہنچا ہے، ن کا مقابلہ جنون سے ہے، سب جانتے ہیں کہ جوانی میں عمران خان کیسا میچ کھیلتا تھا۔عمران خان نے مانسہرہ شہر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ آچکی ہے، پاکستان کا سنہرہ دور نظر آرہا ہے،17 سال سے جس میچ کا انتظار کر رہا تھا وہ گیارہ مئی کو ہونے جارہا ہے، ایک طرف ن دوسری طرف جنون۔عمران خان کاکہناتھاکہ پاکستان وہ ملک ہے جہاں دوسرے ممالک سے لوگوں کو روزگار کہ لیے آنا چاہیے لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے لوگ خفیہ طریقے سے روزگار کے لئے دوسرے ملکوں میں جاتے ہیں،انشاء اللہ پوری دنیا ایک دن سبز پاسپورٹ کی عزت کرے گی،اللہ نے پاکستان کو اتنا کوئلہ دیا ہے کہ ہم دوسرے ملکوں کو بجلی فروخت کرسکتے ہیں،اتناتانبہ ہے کہ بیچ کر امیر ترین ملک بن سکتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ شیر کا شکاری آگیا ہے، نوازشریف اور زرداری کا وقت ختم ہوگیا، میاں صاحب سب کی قیمت لگاتے رہے ہیں،سیاستدان کو خریدا، صحافیوں کو لفافے دیئے،نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے کر خریدنے کی کوشش کی ،لیکن میاں صاحب جنون اورنظریے کی کوئی قیمت نہیں،میاں صاحب آپ دو دفعہ مرکز میں رہے،ڈھائی سال میں فارغ ہوگئے،اور لوگوں نے مٹھائیاں بانٹی،اس سے پہلے عمران خان مانسہرہ کی تحصیل اوگی میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے، یہاں پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام پر مشتمل ٹیم کی مدد سے 11 مئی کو صدر زرداری اور نوازشریف کی پارٹنر شپ توڑ دیں گے ، انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، اقتدار ملا تو فرینڈلی اپوزیشن اور حکومتی ایوانوں میں بیٹھنے والوں کی پارٹنر شپ توڑ دوں گا،مولانا صاحب نہ آپ کی باری آنی ہے نہ شریفوں اور زرداریوں کی باری آنی ہے،مولانا صاحب آپ کا وقت ختم ہوگیا،میدان میں جنگلی شیروں کا شکاری آگیا ہے،جس کے سامنے سرکس کے شیر ہیں،عمران خان نے طورغر میں بھی جلسہ عام سے خطاب کیا، جہاں ان کاکہناتھاکہ گیارہ مئی کو عمران خان کی نہیں بلکہ عوام کے مستقبل کی جنگ ہے۔

تبصرے بند ہیں.