سبائن لیسکی کی اونچی اڑان جاری، فائنل 4 میں شامل

لندن: جرمن پلیئر سبائن لیسکی اونچی اڑان جاری رکھتے ہوئے ومبلڈن ویمنز سنگلز کے فائنل 4 میں شامل ہوگئیں۔ انھوں نے کوارٹر فائنل میں اسٹونیا کی کائیا کنیپی کو بھی ٹھکانے لگادیا، پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا نے چینی پلیئر لینا کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔تفصیلات کے مطابق سیزن کے تیسرے گرینڈ سلم ومبلڈن میں دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز کو ہرانے والی جرمن پلیئر سبائن لیسکی کی اونچی اڑان جاری رہی، انھوں نے منگل کو کوارٹر فائنل میں اسٹونیا کی کائیا کنیپی کو 6-3،6-3 سے شکست دے دی، وہ دوسری مرتبہ ومبلڈن کے فائنل فور میں پہنچنے میں کامیاب رہیں، 23 سیڈ جرمن پلیئرنے 2011 میں بطور وائلڈ کارڈ یہ اعزاز پایا تھا، دو برس قبل سیمی فائنل میں سبائن لیسکی کو ماریا شراپووا نے ہرایا تھا، کنیپی کیخلاف انھوں نے نویں گیم میں بریک پوائنٹ لیتے ہوئے اوپننگ سیٹ اپنے نام کیا اور محض65 منٹ میں اسٹونیا کی پلیئر کا قصہ تمام کردیا۔لیسکی نے کامیابی کے بعداظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ گذشتہ دن میں نے سرینا ولیمز کیخلاف شاندار کھیل پیش کیا لیکن میں کوارٹر فائنل میں کنیپی کا سامنا کرنے کیلیے بھی تیار تھی، یہاں پر اس سے قبل کھیلنے کا تجربہ بھی کام آیا، میں اس سے قبل 2011 میں بھی سیمی فائنل کھیل چکی لہذا اس بات نے مجھے آج کے مقابلے کیلیے بھی مدد فراہم کی۔ بارش سے متاثرہ دوسرے کوارٹر فائنل میں پولش پلیئر اگنیسکا ریڈوانسکا نے چینی حریف لینا کو 7-6،4-6 اور 6-2 سے قابو کرلیا۔ علاوہ ازیں پیر کی شب مینز سنگلز چوتھے راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ جمہوریہ چیک کے نووک جوکووک نے جرمن پلیئر ٹامی ہاس کو 6-1،6-4 اور 7-6 سے مات دی، 7 سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے آسٹریلین حریف برنارڈ ٹومک کو 7-6،6-7،6-4 اور 6-4 سے زیر کرلیا۔

تبصرے بند ہیں.