سانحہ راولپنڈی کے 28 ملزمان کی شناخت ہوگئی مجرموں کو کڑی سزا دیں گے، راناثنااللہ

وزیرقانون پنجاب راناثنااللہ نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی میں ملوث 28 ملزمان کی ویڈیوکےذریعےشناخت ہوگئی سانحے کے مجرموں کو کڑی سزا دیں گے۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہاکہ مسجدوں اور امام بارگاہوں کو جلانے والے دہشت گرد ہیں، ان کا ٹرائل بھی دہشت گرد کے طور پر ہوگا، سانحہ راولپنڈی کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے ذریعے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور سخت سزا دی جائے گی، فیکٹ فائیڈنگ کمیٹی نے جن افسران کی تبدیلی کا فیصلہ کیا تھا اس پر حکومت نے عملدرآمد کرلیا۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ایک بار پھر قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مذموم سازش کو ناکام بنا دیا، واقعے کے خلاف جمعہ کو احتجاج کرنے والے شرکا کو سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبریں چلائی گئیں جنہیں عوام نے مسترد کردیا، قومی حمیت اور یکجہتی کے لئے عوام اور علماء نے مثبت کرداراداکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام مکاتب فکر کے علما سے ملاقاتیں کیں۔

تبصرے بند ہیں.