سانحہ راولپنڈی کے خلاف مذہبی جماعتوں کا کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان، سیکیورٹی انتہائی سخت

ملک کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے سانحہ راولپنڈی کے خلاف جمعہ کو احتجاج کے اعلان کی وجہ سے ملک بھر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ مذہبی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے، کراچی میں 24 گھنٹوں کے لئےموٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا، شہر بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ پنجاب حکومت نے پولیس کو سانحہ راولپنڈی کے خلاف جمعہ کو مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر سخت سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ پولیس ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی سخت رکھی جائے اور احتجاج کے دوران افسران موقع پر موجود رہیں اور حکام کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جائے۔ تمام مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، حساس مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب سے گزرنے والے راستوں کو نماز جمعہ کے اوقات کے دوران بند رکھا جائے گا۔ گوجرانوالہ اور اٹک میں تعلیمی اداروں کو کل بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ خیبرپختوخوا سمیت بلوچستان میں بھی سانحہ راولپنڈی کے خلاف احتجاج کے باعث سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومتوں سمیت دونوں صوبوں کے مختلف شہروں میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی فورسز اوردیگرقانون نافذ کرنے والوں اداروں کو سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین نے کل نماز جمعہ کے بعد عظمت نواسائے رسول اور یوم امن منانے اور ملک بھر کی مساجد کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے جبکہ شیعہ علما کونسل کی جانب سے کئے جانے والا احتجاج ملتوی کردیا گیا۔ واضح رہے کہ راولپنڈی میں یوم عاشور کے دن دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 9افراد جاں بحق اور50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کے دوران شرپسند عناصر نے مسجد، مدرسے سمیت راجا بازار کی مارکیٹ کو بھی آگ لگادی تھی۔

تبصرے بند ہیں.