سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر آج فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان پر فرد جرم آئندہ سماعت پر عائد کی جائے گی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی، سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی۔ایف آئی اے کی ٹیم، تفتیشی افسر،سرکاری پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اورسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے شاہ خاور اورسماعت کیلئے اڈیالہ جیل میں موجود تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بٹ، خالد یوسف اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی جیل میں موجود رہے۔چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی اور عدالتی حکم کے مطابق ملزمان پر فرد جرم آئندہ سماعت پر عائد کی جائے گی۔گزشتہ سماعت پر چالان کی نقول تقسیم نہ ہونے پر فرد جرم کی کارروائی نہیں ہوسکی تھی تاہم عدالت نے ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کر دیں اور کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 17اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.