’’زمبابوین بچوں‘‘ کو ہرانے کے بعد اب سخت حریف پاکستان کا منتظر

لاہور: ’’زمبابوین بچوں‘‘کوہرانے کے بعد اب سخت حریف پاکستان کا منتظر ہے،انگلینڈ سے دو دو ہاتھ کرنے کیلیے ٹیم دبئی پہنچ گئی،

آل راؤنڈر شعیب ملک کی قسمت نے بھی پلٹا کھا لیا اور وہ لاہور واپسی کے بجائے یو اے ای جانے والی فلائٹ میں نشست پانے میں کامیاب ہو گئے۔ان کی 5 برس بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق  زمبابوے کو ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم اب دبئی پہنچ چکی ہے، یہاں سے وہ ابوظبی روانہ ہو کر13اکتوبر سے انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ کھیلے گی۔ دریں اثنا شعیب ملک کو ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز میں عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا، انھیں انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے بھی قومی اسکواڈ میں شامل کرلیاگیا۔

سلیکشن کمیٹی کے فیصلے کی چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے منظوری دے دی، 33 سالہ آل راؤنڈر نے طویل فارمیٹ کا اپنا آخری میچ2010 میں انگلش ٹیم کے مقابل ہی برمنگھم میں کھیلا تھا، سابق کپتان ان دنوں انتہائی شاندار فارم میں ہیں، وہ رواں سال 11 ون ڈے میچز میں ایک سنچری اور 3 ففٹیزسمیت 100کی اوسط سے 500 رنز بنا چکے ہیں، شعیب ملک بولنگ میں بھی ایک اہم ہتھیار ثابت ہوئے اور 47 اوورز میں 6وکٹیں حاصل کر کے محمد حفیظ پر پابندی سے پیدا ہونے والا خلا کافی حد تک پُر کر چکے ہیں، آل راؤنڈر بلال آصف کو بطور16واں کھلاڑی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا تھا لیکن ان کا بولنگ ایکشن بھی رپورٹ ہوگیا۔آؤٹ آف فارم سعید اجمل کی خدمات بھی دستیاب نہیں،ان حالات میں انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے شعیب ملک کا انتخاب موزوں سمجھا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.