ریکارڈ توڑکر بھی میانداد کی ہمسری نہیں کرسکتا، یونس

ابو ظبی:  رواں برس سری لنکا سے سیریز میں مصباح الحق کی برق رفتاری کے سبب یونس خان سب سے زیادہ ٹیسٹ رنزکا پاکستانی ریکارڈ نہیں توڑپائے تھے، کپتان کی جارحانہ بیٹنگ نے تجربہ کار بیٹسمین کو سنگ میل عبور کرنے کیلیے انتظار پر مجبور کردیا تھا، تاہم اب منگل سے انگلینڈ کیخلاف شروع ٹیسٹ میں یونس یہ کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ رنز کی تعداد میں پیچھے چھٹ جانے کے باوجود جاوید میانداد کی ہمسری کا دعویٰ نہیں کرسکتا، سابق عظیم کرکٹر کروڑوں دلوں کی دھڑکن رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق  ابوظبی میں تمام تر نظریں یونس خان پرلگی ہونگی جو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کرسکتے ہیں۔

سینئربیٹسمین 19رنزبنالیں تو یہ اہم سنگ میل عبور کرلیں گے، فی الوقت 8832رنزکے ساتھ جاوید میانداد پہلے، انضمام الحق 3 رنز کے فرق سے دوسرے جبکہ یونس خان( 8814) تیسرے نمبر پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 30 سنچریوں کا ریکارڈ پہلے ہی ان کے قبضے میں ہے۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا ہے کہ سری لنکا کیخلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں اچھی فارم اور سب سے زیادہ رنزکا ریکارڈ توڑنے کے قریب تھا لیکن مصباح الحق کریز پر آئے تو ٹیم کی پوزیشن مضبوط تھی، کپتان نے فتح کا مشن مکمل کرنے کیلیے جارحانہ انداز اپنایا، میں نے اپنا ریکارڈ بنانے کیلیے انھیں تیز کھیلنے سے روکنے کی کوشش نہیں کی، ایک ٹیم کی حیثیت سے ہمارے لیے سب سے اہم چیز میچ اور سیریز میں کامیابی تھی، ملکی ریکارڈ اپنے نام کرنا باعث فخر ہوگا لیکن میں جاوید میاندادکی ہمسری کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔

تبصرے بند ہیں.