’’ریپڈرسپانس فورس‘‘میں بھرتیاں شروع ،کمانڈوزتربیت دینگے

اسلام آ باد: وفاقی حکومت کی طرف سے اسلام آبادمیں’’ریپڈرسپانس فورس‘‘یعنی فوری ردِعمل کی فورس کے قیام کے اعلان کے بعداس میں بھرتیوں کاسلسلہ شروع کردیاگیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ریپڈرسپانس فورس 500افرادپرمشتمل ہوگی اوراس میں حال ہی میں فوج کے اسپیشل سروسزگروپ کے ریٹائرڈ افراد کوترجیح دی جائے گی جبکہ یہ فورس قومی انسداددہشت گردی اتھارٹی یعنی نیکٹا کے زیرِکمان ہوگی۔اس فورس کے طریقہ کار سے متعلق وزارت داخلہ کے ذرائع کاکہنا ہے کہ اس فورس کے اہلکاروں کووزارت داخلہ میں قائم ہونے والے جوائنٹ انٹیلی جنس سینٹرکے ذریعے جو اطلاعات ملیں گی اْنکی روشنی میں ممکنہ شدت پسندی کی کارروائی کوروکنے کے لیے یہ فورس عمل میں آئے گی۔اس جوائنٹ انٹیلی جنس سینٹر میں انٹیلی جنس بیورو،انٹرسروسزانٹیلی جنس ایجنسی اورملٹری انٹیلی جنس کے اہلکار شدت پسندوں سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق اس فورس کے اہلکارگرفتارہونیوالے شدت پسندوں کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کریں گے بلکہ وہ انھیں مقامی پولیس کے حوالے کرینگے پولیس قانون کے مطابق اْن شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ایک اہلکارکے مطابق ریپڈرسپانس فورس کی تشکیل کے بعداس فورس میں شامل افراد کو منگلا میں فوجی کمانڈوزتربیت دینگے اوراس ضمن میں فوج اپنی رضامندی بھی ظاہرکرچکی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.