ریٹائرمنٹ سے قبل ٹیم کی کپتانی کرنا چاہتا ہوں :یونس خان

سابق لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد کا سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ اپنے نام کرنا چاہتا ہوں :میڈیا سے گفتگو

کراچی ( ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین یونس خان نے ریٹائرمنٹ سے قبل کپتانی کی خواہش کا اظہار کر دیا ، کہتے ہیں کہ یہ ان کے لئے بڑا اعزاز ہوگا کہ وہ ایک بار پھر قومی سکواڈ کی قیادت سنبھالیں ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین یونس خان نے کہا کہ ان کا اگلا ہدف لیجنڈری بیٹسمین جاوید میانداد کا سب سے زیادہ رنز کا سنگ میل عبور کرنا ہے ، سینئر بیٹسمین میں فارم حاصل کرنے کے بعد دوبارہ سے کپتانی کی خواہش بھی جاگ اٹھی ہے ۔ اپنے اعزاز میں عمر ایسوسی ایٹس کی جانب سے کراچی میں سجائی گئی تقریب میں انہوں نے اس بات کا برملا اظہار بھی کر دیا کہ قومی ٹیم کو ان جیسے پروفیشنل کپتان کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر موجود سابق کرکٹرز نے بھی یونس خان کو لیجنڈری کرکٹر قرار دیتے ہوئے ان کی خواہش کا احترام کرنے کا عندیہ بھی دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عظیم بیٹسمین روز روز پیدا نہیں ہوا کرتے ۔ اس موقع پر عمر ایسو سی ایٹس کی جانب سے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر یونس خان کو پانچ لاکھ روپے اور گولڈ میڈل جبکہ نوجوان کرکٹر شان مسعود کو بھی ایک لاکھ روپے اور گولڈ میڈل دیا گیا ۔

 

تبصرے بند ہیں.