رمضان کے پہلے عشرے میں عید خریداری زور نہ پکڑ سکی

کراچی: رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے اختتام تک عید کی خریداری زور نہ پکڑ سکی اور بڑے شاپنگ مالز کے علاوہ چھوٹے بازاروں میں گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے برقی قمقموں سے سجے رنگ برنگے اسٹالز سنسان رہے۔

اتوار کو کراچی، لاہور کے علاوہ جڑواں شہروں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر شہروں کے معروف تجارتی مراکز ودیگر اہم مقامات پر خریداروں کی معمولی تعداد نظر آئی۔ اس ضمن میں دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید خریداری کے لیے رش نہ ہونے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تنخواہ دار طبقہ ماہانہ تنخواہ کی وصولی کے بعد عید خریداری شروع کرے گا اور توقع ہے کہ یکم جولائی کے بعد سے عید شاپنگ زور پکڑ لے گی۔

دکانداروں کاکہنا ہے کہ خواتین چوڑیوں کی خریداری عمومی طور پر آخری عشرے میں کرتی ہیں۔ مہندی کے اسٹال سجانے والے دکانداروں کہنا ہے کہ مہندی کے اسٹالز پربھی رش آخری عشرے میں ہو گا۔ کپڑے، جوتے کے بعض معروف برانڈز اور تجارتی مراکز کے مالکان اور مینجرز نے بتایا کہ عید خریداری کا رش موسم کے خوشگوار ہونے اور تنخواہ دار طبقے کو تنخواہوں کی ادائیگی سے مربوط ہے اور توقع ہے رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے وسط میں عید خریداری زوروں پر پہنچ جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.