رمضان اور عید پر قیام امن کیلیے خصوصی اقدامات کرنیکا مطالبہ

کراچی: کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے چیئرمین ندیم خان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران اور عیدالفطر کے موقع پر کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر رکھنے کیلیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ وفاقی وزیرداخلہ اور سندھ حکومت مشترکہ امن پلان ترتیب دے اور اس میں تجارتی وصنعتی تنظیموں کی رائے کو بھی شامل کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہر میں امن وامان کی بہتری کیلیے کاغذی بیانات کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے، لیاری سمیت شہر بھرکے تمام متاثرہ علاقوں میں بلاامتیاز آپریشن کیا جائے اور ٹارگٹ کلرز کو قابو میں کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے نیٹ ورک کو مضبوط بنایا جائے اور انہیں ماضی کی طرح فعال کیا جائے۔ ندیم خان نے کہا کہ کراچی کے صنعتی وتجارتی علاقے بھتہ کلچر کی لعنت کی لپیٹ میں ہیں مگر حکومت بھتہ مافیا کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے۔ بزنس کمیونٹی کی جانب سے بارہا اس سلسلے میں مطالبات کیے گئے مگر ان سے حکومت نے جو بھی وعدے کیے ان پربلاامتیاز اقدامات کا فقدان ہے، اگر امن وامان کی صورتحال قابو میں رکھنے کی موثر منصوبہ بندی کی جائے تو کراچی کے حالات میں مزید بہتری آسکتی ہےانہوں نے کہا کہ آئے دن کی خراب صورتحال نے پاکستان کے بزنس حب کراچی میں تجارتی وصنعتی سرگرمیاں ماند پڑگئی ہیں، برآمدات میں کمی آئی ہے، صنعتی پیداواری سرگرمیاں کم ہوئی ہیں، حکومت امن وامان کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تو ایک بار پھر کراچی روشنیوں اور تجارت وصنعت کا شہر بن سکتا ہے۔ ندیم خان نے مزید کہا کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کی نفری بے حد کم ہے اور نفری کو بڑھا کر امن وامان کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.