راولپنڈی؛ فورسز کے ساتھ مقابلے میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار

راولپنڈی: دھمیال بیس کے قریب خفیہ اداروں اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے مصدقہ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ راولپنڈی کے علاقے دھمیال بیس میں جوڑیاں کے مقام پر ایک مکان پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں سے مقابلہ ہو گیا، پولیس کے ساتھ مقابلے میں 2 خواتین اور بچے سمیت 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں میں سے ایک خاتون خود کش حملہ آور کی شناخت ملکہ جب کہ دوسرے خود کش حملہ آور کی شناخت مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور محرم الحرام کے موقع پر راولپنڈی میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔

دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں پولیس انسپکٹر ارشاد بھی جاں بحق جب کہ 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بارود سے بھری گاڑی بھی برآمد کر لی گئی جب کہ گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کے لئے خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.