راشد آج نجم سیٹھی کی تقرری عدالت میں چیلنج کرینگے

کراچی: سابق وکٹ کیپر کپتان راشد لطیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین کی حیثیت سے نجم سیٹھی کی تقرری کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وہ بدھ کے روز سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے والے ہیں، یاد رہے کہ ان کی 2 پٹیشنز پہلے ہی عدالت میں زیِرسماعت ہیں۔ راشد لطیف نے بی بی سی کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی سی بی کا آئین معطل نہیں کیا صرف چیئرمین ذ کااشرف کو کام سے روکتے ہوئے عبوری طور پر چیئرمین مقرر کرنے کیلیے کہا تھا۔کرکٹ بورڈ کے آئین میں واضح طور پر یہ بات موجود ہے کہ اگر چیئرمین 45 دن سے زائد وقت کے لیے ذمہ داری نبھانے کی پوزیشن میں نہ ہو تو گورننگ بورڈ میں سے ہی کسی کو عبوری چیئرمین بنایا جاسکتا ہے، یہ نکتہ بھی کرکٹ بورڈ کے آئین میں موجود ہے کہ چیئرمین اگر چاہے تو وہ گورننگ بورڈ کے رکن یا چیف آپریٹنگ آفیسر کو اپنے اختیارات منتقل کرسکتا ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ وہ نجم سیٹھی کی تقرری کو عدالت میں چیلنج کرنے کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر بھی نظرثانی کی درخواست دائر کریں گے۔نجم سیٹھی آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلیے بدھ کو لندن روانہ ہونے والے ہیں،وطن واپسی پر وہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی منظوری بھی دیں گے۔

تبصرے بند ہیں.