رائیونڈ میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر

رائیونڈ: رائیونڈ میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں،نیشنل پیپلزپارٹی نون لیگ میں ضم ہوگئی،شہبازشریف کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے مطابق انتخابات نوے فیصد شفاف رہے،صرف دس فیصد دھاندلی سندھ میں ہوئی ہے۔رائیونڈ میں ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے آزاد اراکین قومی اسمبلی اویس لغاری اور جمال لغاری نے شریف برداران سے ملاقات کے بعد نون لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔اے این پی کے رہنماء غلام احمد بلور نے بھی مسلم لیگ نون کے سربراہ نوازشریف سے ملاقات کی اور ان کو پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی۔نیشنل پیپلز پارٹی کے چئیرمین غلام مرتضٰی جتوئی نے شریف برادران سے ملاقات کی اور اپنی پارٹی کو نون لیگ میں ضم کرنے کا اعلان کیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں چیف سیکرٹری سے لے کر پٹواری تک تمام انتظامیہ تبدیل کر دی گئی ہے۔انھوں نے کہاکہ صوبہ سندھ کے ایڈیشنل چیف سیکڑری فضل پیچو صدر آصف زرداری کے بہنوئی ہیں،تحریک انصاف کو ان باتوں پر بھی غور کرنا چایئے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدرزرداری سے ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ غلام مرتضی جتوئی نے کہا کہ انتخابات کے دوران سندھ میں بدترین دھاندلی ہوئی جس کی مثال نہیں ملتی،امید ہے کہ نواز شریف سندھ کی طرف خصوصی توجہ دیں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون سندھ کے صدر غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلی سندھ نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے کہنے پر صوبے بھر میں اسلحے کے زور پر بھرپور دھاندلی کرائی۔مسلم لیگ نون کی جانب سے کامیابی پر یوم تشکر بھی منایا گیا اور نماز جمعہ کے بعد شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے۔

تبصرے بند ہیں.