دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 37 رنز سے ہرادیا

گیانا: دوسرے ون ڈے میں میزبان ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 37 رنز سے ہرا کر 5 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ گیانا کے پروویڈینس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے، مایہ ناز کھلاڑی کرس گیل اس بار بھی صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جانسن چارلس اور ڈیرن براوو نے 79 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مظبوط کردی، جانسن چالس 31 اورڈیرن براوو 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مارلن سیمیولز 21، لینڈی سمنز 10، کیرون پولارڈ 30 اور ڈیرن سیمی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ڈیوائن براوو 43 اور سنیل نرائن ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل اور پچھلے میچ کے مین آف دی میچ شاہد آفریدی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عرفان اور اسد علی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ 233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 195 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی اور وقتاً فوقتاً وکٹیں گرنے کی وجہ سے ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، ناصر جمشید اور عمر اکمل کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، ناصر جمشید 54 اور عمر اکمل 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد 19، محمد حفیظ 20، کپتان مصباح الحق 17، اسد شفیق 10، شاہد آفریدی 5، وہاب ریاض 3، سعید اجمل ایک اور اسد علی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیوائن براوو نے 2، ڈیرن سیمی، مارلن سیمیولز، کیمار روچ اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین بولنگ پر سنیل نرائن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 19 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.