دورہ پاکستان: 4 رکنی بنگلہ دیشی سیکیورٹی ٹیم کی کل آمد

ڈھاکا: بنگلہ دیش کی 4 رکنی سیکیورٹی ٹیم ہفتے کو پاکستان روانہ ہوگی، اس کی کلیئرنس پر رواں ماہ کے آخر میں ویمنز ٹیم کا ٹور شیڈول ہوگا، بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے ایک بار پھر واضح کیاکہ دسمبر میں یو اے ای میں گرین شرٹس سے سیریز کھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ویمنز ٹیم کے دورے سے قبل پاکستانی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی جو ہفتے کو روانہ ہوگی۔ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ چار رکنی وفد ہفتے کو پاکستان روانہ ہورہا ہے، اگر اس نے ہر چیز بہتر پائی تو پھر ہماری خواتین ٹیم رواں ماہ کے آخر میں وہاںکا دورہ کرے گی۔

انھوں نے دسمبر میں پاکستان کے ساتھ سیریز کا امکان ایک بار پھر رد کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے ہمیں غیررسمی طور پر یو اے ای میں سیریز کی تجویز بھیجی گئی تھی لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ہماری ٹیم وہاں جائے گی کیونکہ اس عرصے میں ہماری بی پی ایل شیڈول ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 25 نومبر سے 25 دسمبر تک جاری رہے گی۔

تبصرے بند ہیں.