دورہ زمبابوے:پاکستان کے تمام میچزکا ہرارے میزبان

ہرارے: زمبابوے نے پاکستان کی ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے  میچز کیلیے میزبانی کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا، گرین شرٹس 24 ستمبر کو ڈیرے ڈالیں گے، تمام میچز کی میزبانی ہرارے کرے گا، سیریز میں2ٹوئنٹی 20 اور 3 ون ڈے کھیلے جائیں گے،مختصر طرز کا پہلا میچ27تاریخ کوہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم زمبابوے کے جوابی ٹور پر 24 ستمبر کو ہرارے پہنچے گی۔

زمبابوین کرکٹ بورڈ اور پی سی بی نے اس حوالے سے شیڈول پر اتفاق کیا جس کے بعد حتمی پروگرام جاری کردیا گیا ہے، تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔ ٹور کا آغاز 27 ستمبر کو پہلے ٹوئنٹی 20 میچ سے ہوگا، اس طرز کا دوسرا مقابلہ 29 تاریخ کو ہونا ہے، ون ڈے سیریز یکم اکتوبر سے شروع ہوگی۔

دوسرا میچ 3 اور آخری 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا،اگلے روز گرین شرٹس وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔ اصل شیڈول کے تحت پاکستانی ٹیم کو اس ٹور میں پہلے ون ڈے میچز کھیلنا تھے مگر پھر چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کے خدشے کے پیش نظر پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کی شمولیت سے زمبابوے میں ٹرائنگولر سیریز کھیلنے کا منصوبہ بنایا،اس پر کیریبیئن بورڈ کو راضی بھی کرلیا گیا لیکن جیسے ہی گرین شرٹس نے سری لنکا کو شکست دے کر آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جمایا، پی سی بی نے نہ صرف ویسٹ انڈیز سے ٹرائنگولر سیریز کھیلنے سے انکار کردیا بلکہ زمبابوے پر بھی واضح کردیا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے  30 ستمبر کی کٹ آف ڈیٹ تک کوئی بھی مزید ون ڈے نہیں کھیلنا چاہتا،اس وجہ سے ٹور کا آغاز 2 ٹوئنٹی 20 میچز سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.