دورہ انگلینڈ؛ بورڈکوعامرسے محرومی کا خدشہ ستانے لگا

کراچی:  پی سی بی کو دورئہ انگلینڈ میں محمد عامر کی خدمات سے محرومی کا خدشہ ستانے لگا، سلمان بٹ کے بعد نوجوان پیسرکی بھی سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے،دونوں محمد آصف کے ساتھ 6 سال پہلے انگلش ٹیم سے سیریز میں اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب ہوئے تھے۔ امیگریشن وکلا کے مطابق سزا یافتہ کرکٹرز کو برطانیہ میں داخلے کی اجازت ملنے کا امکان بہت کم ہے۔

تفصیلات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کرنے والے پیسر محمد عامر کی5 سال بعد کرکٹ کے میدانوں میں واپسی ہو چکی، وہ دورئہ نیوزی لینڈ کے بعد بنگلہ دیش میں منعقدہ ایشیا کپ اور بھارت میں ورلڈ ٹی 20 کے دوران اسکواڈ کا حصہ رہے، انھیں برطانیہ میں 6ماہ قید کی سزا سنائی گئی لیکن تین ماہ بعد رہا کر دیاگیا تھا،ابھی تک یہ واضح نہیں کہ انھیں برطانوی ویزا مل پائے گا یا نہیں،2014 میں ان کی ایسی کوشش ناکام ہوگئی تھی،امیگریشن وکلا کا کہنا ہے کہ سزایافتہ کرکٹرز کو برطانیہ میں داخلے کی اجازت ملنا بیحد مشکل ہوگا، جیل سے جلدی رہائی کی اسکیم کے تحت باہر آنے والے افراد کو قانون کی نظر میں ملک بدر ہی سمجھا جاتا ہے،وہ سزا کی مدت ختم ہونے کے دس سال تک واپس برطانیہ میں آنے کے اہل نہیں ہوتے۔

تبصرے بند ہیں.