دورۂ انگلینڈ؛ اسپن بولنگ کا شعبہ کمزور پڑ جانے کا خدشہ

لاہور:  دورئہ انگلینڈ میں اسپن کا شعبہ کمزور رہ جانے کا خدشہ ہے، یاسر شاہ کا اسکین ٹیسٹ ہوگیا، بحالی کیلیے  4 سے 5ہفتے درکار ہونگے، ذوالفقار بابر، عماد وسیم کی فٹنس بھی مشکوک ہے،جولائی سے قبل صورتحال میں بہتری نہ آئی تو ناتجربہ کار  محمد اصغر، بلال آصف اور زوہیب خان پر انحصار کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق دورئہ انگلینڈ کیلیے ممکنہ 35کھلاڑیوں کی فہرست میں 6 اسپنرز یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، عماد وسیم، محمد اصغر، بلال آصف، زوہیب خان  کو شامل کیا گیا تھا، انجرڈ محمد حفیظ، حارث سہیل، راحت علی، عماد وسیم کی پاکستان ملٹری کاکول اکیڈمی میں شرکت فٹنس سے مشروط کی گئی تھی، ان میں سے راحت علی فٹ ہوگئے لیکن ذوالفقار بابر کی صورت میں انجرڈ کھلاڑیوں کی فہرست میں اضافہ ہوگیا، اب پی سی بی کی کوتاہی اوریاسر شاہ کی لاپروائی کے باعث پاکستان ٹیم دورئہ انگلینڈ میں ایک اہم ہتھیار سے محروم ہوتی نظر آرہی، گذشتہ سال انگلش سائیڈ کیخلاف سیریزمیں فٹنس مسائل سے دوچار ہونے والے لیگ اسپنر کا اس دوران ڈوپ ٹیسٹ ہوا جس کے مثبت آنے پر 3ماہ کیلیے معطل ہوگئے، مارچ کے آخر میں معطلی کی سزا ختم ہو ئی۔

تبصرے بند ہیں.