دراز قامت فاسٹ بولر محمد عرفان پاکستان ٹیم کا مہلک ہتھیار ہے، وسیم اکرم

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ محمد عرفان پاکستان ٹیم کے سب سے مہلک ہتھیار ہیں، جو ہر طرز کی کرکٹ میں پرفارم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ مجموعی طور پر بھی گرین شرٹس کی بولنگ اچھی ہے لیکن بیٹنگ میں بہتری لانے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ محمد عرفان پاکستان ٹیم میں حقیقی فاسٹ بولر اور مہلک ہتھیار ہیں جو ہر طرز کی کرکٹ میں پرفارم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، سابق ٹیسٹ کرکٹر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک عرصہ سے گرین شرٹس بولر مجموعی طور پر اپنا کردار ادا کررہے ہیں مگر بیٹسمینوں کی پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کو ہوم گراؤنڈز میں انٹرنیشنل میچ کھیلنے کو نہیں مل رہے، بورڈ کو ڈومیسٹک ڈھانچے کو مزید بہتر بناتے ہوئے پلیئرز کو مسابقتی کرکٹ کھیلنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے چاہیں، دوسری طرف نوجوان کرکٹرز بیرون ملک ایونٹس میں شرکت کیلیے بھجوائے جائیں تو ان کی کارکردگی میں تسلسل آتا جائے گا، ٹیسٹ میچزکی کمی بھی بیٹسمینوں کو کافی پیچھے لے جارہی ہے، طویل دورانیہ کے مقابلے صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ا دا کرتے ہیں، ان کی تعداد بڑھانا ہوگی۔ وسیم اکرم نے محمد عرفان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں اس وقت حقیقی سٹار بولر ہیں، جو ہر طرز کی کرکٹ میں پرفارم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.