خوشیاں منانے والے ویسٹ انڈین پلیئرز منہ تکتے رہ گئے

پورٹ آف اسپین: ٹرائنگولر سیریز کے فائنل میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان جمعرات کو میدان سجے گا۔ ابتدائی 2 میچز جیت کر خوشیاں منانے والے میزبان ویسٹ انڈین پلیئرز منہ تکتے رہ گئے، فیصلہ کن معرکے کیلیے میدان میں اترنے کیلیے انجرڈ کپتان مہندرا سنگھ دھونی بھی پر تولنے لگے، اس سے قبل بارش سے متاثرہ میچ میں بھارتی ٹیم نے آئی لینڈرز کو 81 رنز سے شکست دی، بھونیشورکمار نے کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک ماہ سے بھی کم وقت میں بھارت اور سری لنکا چوتھی مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف میدان سنبھالنے والے ہیں، اس بار ان کا ٹکراؤ ٹرائنگولر سیریز کے فائنل میں ہوگا، اس سے پہلے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں سامنا ہوا تھا جس میں بھارتی ٹیم نے نہ صرف میدان مارا بلکہ بعد میں انگلینڈ کو فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ٹرائنگولر سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کوآئی لینڈرز سے شکست ہوگئی تھی، اب منگل کی شب ٹیم نے بارش سے متاثرہ ایک اور مقابلے میں سری لنکا کو 81 رنز سے چت کرکے یہ حساب چکتا کردیا ہے۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 29 اوورز میں 3 وکٹ پر 119 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی جس سے میچ ریزرو ڈے میں جانے کا خدشہ ہوا، موسم بہتر ہوتے ہی بھارت کی اننگز ختم کرکے سری لنکا کو 26 اوورز میں 178 رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم 24.4 اوورز میں 96 رنز پر آؤٹ ہوگئی، بھونیشور نے 4 جبکہ ایشانت شرما اور جڈیجا نے2،2 وکٹیں لیں۔ بھارت کو اس کاوش پر بونس پوائنٹ ملا اور وہ پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ پر پہنچ گیا، بہتر رن ریٹ نے سری لنکا کو بھی فائنل کھیلنے کا موقع فراہم کردیا۔ جمعرات کو شیڈول فائنل میں ہیمسٹرنگ انجری سے دوچار دھونی کی بھی شرکت کا امکان ظاہر کیا جانے لگا،ان کی فٹنس اب کافی بہتر ہے۔

تبصرے بند ہیں.