خام تیل نرخوں میں کمی کا فائدہ صنعتوں کو ملناچاہیے،اپٹما

کراچی: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)سندھ بلوچستان ریجن کے چیئرمین عمران مقبول نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کوان سستے ترین نرخوں پر گیس فراہم کی جائے۔

جس طرح دنیا بالخصوص خطے کے دیگر گیس پیداکرنے والے ممالک اپنی انڈسٹری کو فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ توسیعی مدت کے لیے مقامی صنعتوں کو ملنا چاہیے۔ انہوں نے یاددلایا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں سالہا سال کی کم ترین سطح پر ہیں۔

حکومت اس بات کویقینی بنائے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام اور صنعتوں بالخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پہنچے جو پیداواری اخراجات میں ہونے والے بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم قیمت پر گیس کی فراہمی سے ٹیکسٹائل انڈسٹری اپنے قدموں پر کھڑی ہو کر ملک کی معاشی ترقی میں بھرپورکردار ادا کرنے کے بھی قابل ہوسکے گی۔

تبصرے بند ہیں.