حوالات میں باپ بیٹے سے انسانیت سوز سلوک، شہباز شریف نے ڈی پی او اوکاڑہ تبدیل، تھانہ معطل کردیا

لاہور: وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اوکاڑہ کے تھانہ صدر دیپالپور کی حوالات میں باپ بیٹے سے انسانیت سوزسلوک کرنے اور پولیس گردی کے واقعے کا انتہائی سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ راجا بشارت، ایس پی انویسٹی گیشن اوکاڑہ اختر خان کو او ایس ڈی بنانے کا حکم جاری کیا ہے جبکہ ڈی ایس پی دیپالپور امتیاز بھلی اور ایس ایچ او محمد علی چدھڑ سمیت پورا تھانہ معطل کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ نوٹس 3 روز قبل تھانہ صدردیپالپور کی حوالات میں اوکاڑہ پولیس کی جانب سے باپ بیٹے کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانے، ان کو پیشاب پلانے اورگن پوائنٹ پرایک دوسرے سے بدفعلی کرانے کی خبر میڈیا پر نشرہونے کے بعد لیا، آئی جی پنجاب خان بیگ نے وزیراعلیٰ کے حکم پر فوری نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس واقعے کی بازگشت جمعرات کو پنجاب کابینہ میں بھی بازگشت سنائی دی اور ایجنڈے پر یہ واقعہ حاوی رہا۔شہباز شریف نے کہا کہ جن معاشروں میں ظلم اور ناانصافی ہو وہ کبھی پروان چڑھتے ہیں نہ ہی مہذب معاشرے کہلاتے ہیں۔ عام آدمی کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی اور تھانہ کلچر میں تبدیلی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اوراس ضمن میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ اوکاڑہ کے واقعے کو مثال بناتے ہوئے اہلکاروں کو ایسی قرار واقعی سزادی جائے کہ آئندہ کوئی بھی ایسی گھنائونی حرکت کا سوچ بھی نہ سکے۔ قانون کے محافظوں کا قانون کوہاتھ میںلینا انتہائی سفاکی اور پستی کا مظاہرہ ہے۔ اگر قانون کے رکھوالے خود ہی قانون کو ہاتھ میں لے لیں اور قانون و انصاف کی دھجیاں اڑا دیں تو اس سے بڑھ کرشرمناک حرکت اورکیا ہوسکتی ہے۔ افسوسناک واقعے میں ملوث اہلکاروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ ڈی پی او، ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے کا حکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھانے کے ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کو ایسی سزائیں دی جائیں کہ آئندہ ایسے شرمناک واقعے کا اعادہ نہ ہو۔ انکوائری کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی تھائی لینڈ کے وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جوناتھن شا کی سربراہی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر جاری تعاون کے مختلف پروگرامز پر روشنی ڈالی گئی اور مستقبل میں نئے پروگراموں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

تبصرے بند ہیں.