حلب شہر پر شامی فضائیہ کی بمباری، خواتین اور بچوں سمیت 34 افراد ہلاک

دمشقٍ: شام کے شہر حلب کے مختلف علاقوں میں سرکاری فضائیہ کی بمباری میں عام شہریوں اور بچوں سمیت 34 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام کی سرکاری فضائیہ کی جانب سے حلب کے مختلف علاقوں میں حملے کیے گئے جن میں باغیوں پر بیرل بم گرائے اور گولہ باری کی گئی اور اس کے نتیجے میں عام شہریوں، خواتین اور 2 بچوں سمیت مجموعی طور پر 34 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق فضائیہ نے سالہن، فردوس، جسر الحق ،صلاح الدین، سکورے، ملاح اور کوسٹیلو کے علاقوں میں بمباری کی۔ اس کے علاوہ بھی منگل اور بدھ کی درمیانی شب فضائیہ نے مختلف علاقوں میں بمباری جاری رکھی۔

دوسری جانب حلب اور نواح میں باغیوں اور سرکاری افواج کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جب کہ منگل کے روز جھڑپوں میں 70 باغی مارے گئے اور سرکاری افواج نے زیتان پر قبضہ جمالیا تاہم خلاصاہ پر قبضے کے لیے باغیوں سے جنگ جاری ہے۔

تبصرے بند ہیں.