جے یو آئی نے بلوچستان حکومت میں شمولیت کی دعوت مسترد کردی

وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع کا کہنا ہے کہ جمعیت علماء اسلام نے بلوچستان حکومت میں شامل ہونے کی دعوت مسترد کردی ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالواسع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ قدوس بزنجو کا بہت اصرار تھا کہ جمعیت حکومت میں شامل ہو۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں خراب گورننس کے ہوتے ہوئے جمعیت حکومت میں شامل نہیں ہوسکتی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قدوس بزنجو سے ملاقات میں ان کے سامنے چارٹر آف ڈیمانڈ رکھا، وزیراعلیٰ نے ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ کے برعکس فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جمعیت نے عوام کے ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کی دعوت قبول کی تھی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ کوئٹہ میں ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی، نواب اسلم رئیسانی سمیت دیگر اہم شخصیات کی جمعیت میں شمولیت کیلئے پروگرام منعقد ہوگا۔مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا ایک ہی ہدف ہے عوام کی خدمت کی جائے، عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، ان کی خدمت پہلی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے کام کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جمعیت بلوچستان میں مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، جعفرآباد اور نصیرآباد کے کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، صوبائی حکومت کی تمام توجہ بحالی پر ہونی چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.