جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے کوریا کو ٹھکانے لگا دیا

لاہور: جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان نے مضبوط حریف کوریا کو بھی یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے ٹھکانے لگاکرمسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی۔

تفصیلات کے مطابق جونیئر ایشیاکپ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز بھی 4 میچزکا فیصلہ ہوا، پاکستان سمیت بنگلہ دیش، جاپان اوربھارت کی ٹیمیں حریف سائیڈزکوزیرکرنے میں کامیاب رہیں،کوآنٹن میں پہلا میچ پاکستان اور مضبوط حریف کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں گرین شرٹس نے کوریاکوتمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے مقابلہ 3-0 سے اپنے نام کیا۔

نائب کپتان محمد دلبر میچ کے ہیرو رہے، جنھوں نے 2 گول کرکے فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔یاد رہے کہ ایونٹ میں یہ پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی تھی، اس سے قبل گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک کے مقابلے میں3 گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔

میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی ٹیم انتہائی خطرناک موڈ میں نظر آئی اور اس نے کوریا ٹیم کے خلاف پے درپے حملوں کا سلسلہ شروع کیا جس کی وجہ سے8ویں منٹ میں قومی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی، محمد دلبر نے بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال کی راہ دکھادی، خسارے میں جانے کے بعد کوریا نے مقابلہ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن پاکستان ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔

تبصرے بند ہیں.