جونیئر ایشیا کپ ؛ پاکستان نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

لاہور: جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، گرین شرٹس نے آخری لیگ میچ میں اومان کو یکطرفہ مقابلے میں7-1 سے زیر کیا، نائب کپتان محمد دلبر نے3 بار گیند کو جال میں پہنچایا، محمد ابوبکر2جبکہ محمد عتیق اور محمد بلال قادر ایک، ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔

یہ میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرجائیگا۔ منگل کو ایشیا کپ کے دیگر میچزمیں بنگلہ دیش نے کوریا کو 2-0 سے اپ سیٹ شکست دی، بھارت نے چین کو4-1سے قابو کیا، جاپان اور ملائیشیا کا مقابلہ2-2سے برابر رہا۔ تفصیلات کے مطابق آٹھویں جونیئر ایشیا کپ کے پہلے رائونڈ کا اختتام ہو گیا،گروپ میں ٹاپ پوزیشن کیساتھ ناک آئوٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی قومی ٹیم جمعرات کو کوارٹر فائنل میں چین کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیگی۔

پاکستان تینوں میچز جیت کر اپنے گروپ میں سرفہرست رہا، گرین شرٹس نے تینوں میچوں میں مجموعی طور پر13 گول کیے جبکہ اس کیخلاف صرف2 کوششیں کامیاب ہوئیں،ٹیم نے ابتدائی مقابلے میں بنگلہ دیش کو3-1 سے شکست دینے کے بعد دوسرے میچ میں مضبوط حریف کوریا کو 3-0 سے زیر کیا،گذشتہ روز کے مقابلے میں پاکستان نے اومان کو ایک کے مقابلے میں7 گول سے ہرا کرناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔

تبصرے بند ہیں.