توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ، الیکشن کمیشن اور ریڈ زون میں سکیورٹی ہائی الرٹ

الیکشن کمیشن توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ آج دوپہر 2 بجے سنائے گا، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اور ریڈ زون میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان کے پہنچنے یا ممکنہ ہنگامہ آرائی کے خدشے کے پیش نظر پورے علاقے اور خصوصاً عمارت کے ارد گرد سخت سکیورٹی تعینات کردی گئی ہے جب کہ نفری کے لیے آنسو گیس کے شیل سمیت دیگر ضروری سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پولیس افسران کی زیر نگرانی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ایک ہزار سے زائد اہل کار تعینات کیے گئے ہیں، جن میں ایف سی اوررینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔سکیورٹی انتظامات کے تحت الیکشن کمیشن میں کیس سے غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے جب کہ ریڈ زون میں بھی داخلہ محدود ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آج دوپہر 2 بجے توشہ خانہ ریفرنس کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر فریقین کو گزشتہ روز نوٹسز جاری کر دیے گئے تھے جب کہ اس کیس کا فیصلہ 19 ستمبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.