بے نظیر قتل کیس میں متفرق درخواست دائر،سماعت 8اکتوبر تک ملتوی

راول پنڈی : بے نظیر قتل کیس میں متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے،جب کہ درخواست گزار اختر شاہ کہتے ہیں صدر مملکت کو استثنیٰ حاصل ہوتا ہے،بینظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو براہ راست ملوث نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ بے نظیر قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج حبیب الرحمان نے کی۔ ایڈووکیٹ اختر شاہ کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی،درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے مطابق ایوان صدر کو استثنیٰ حاصل ہوتا ہے،اس لیے بینظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو براہ راست ملوث نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہا کہ اختر شاہ ایسی درخواست دینے کے مجاز نہیں، انسداد دہشت گردی عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کس فریق کی جانب سے پیش ہوئے ہیں۔ اس پر اختر شاہ نے کہا کہ کسی فریق سے تعلق نہیں صرف عدالت کی معاونت اور رہنمائی کیلئے آیا ہوں اس پر عدالت نے کہا کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بحث کی جائے،اختر شاہ کی درخواست پر سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

تبصرے بند ہیں.