بھاشا ڈیم اور توانائی سمیت ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کیلیے تیار ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ دیامربھاشاڈیم کی تعمیرکے منصوبے کی حمایت کرتے ہیں اور منصوبے پرعملدرآمد کے قابل عمل ماڈل پلان تیارکیلیے حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔ اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں توانائی،ٹرانسپورٹ اورانفرا اسٹرکچر کے شعبے میں ترقیاتی منصوبوں کیلیے تعاون کیلیے تیار ہے، نئی حکومت کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں اور پروگرام کی ترجیحات کاتعین کرنے کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک برائے مغربی ایشیاء ڈیپارٹمنٹ مسٹر کلاوس گرہینسیئر اگلے ہفتے پاکستان کے دورے پرآئیں گے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ورنر ای لی پیچ نے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارسے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ادھروفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا کہ حکومت مالی مُشکلات کے باوجود قبائلی علاقہ جات کی تمام جائزمالی ضروریات پوری کریگی۔ وہ گورنر خیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ سے گفتگوکررہے تھے۔ گورنر نے وزیرخزانہ کوخیبرپختونخواچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کادعوت نامہ بھی فراہم کیاجسے انھوں نے قبول کرتے ہوئے دورہ کرنیکی یقین دہانی کرائی۔

تبصرے بند ہیں.