بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کرنے پر پاکستان نے حکمت عملی تیار کرلی، اعزاز چوہدری

واشنگٹن: سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی کولڈ اسٹارٹ نامی جنگی حکمت عملی کا مقابلہ کرنے کے لیے چھوٹے ایٹمی ہتھیار تیار کیے ہیں۔

واشنگٹن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام محدود کرنے کی کوئی تجویز نہیں، پاکستان کو ایٹمی دفاعی صلاحیت مؤثر رکھنے کا حق حاصل ہے جب کہ پاکستان کا جوہری پروگرام اپنے دفاع، بھارت کی جانب سے لاحق خطرات اور بھارتی جارحیت کو روکنے کے لیے ہے۔ سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے اور پاکستان نے بھارت کی کولڈ اسٹارٹ نامی جنگی حکمت عملی کا مقابلہ کرنے کے لیے چھوٹے ایٹمی ہتھیار تیار کیے ہیں۔

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی صدر اوباما سے ملاقات میں خطے پر بات ہوگی جب کہ دورے میں پاک، امریکا جوہری معاہدہ زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کی بجائے مذاکرات سے ہوگا اور پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کاردار ادا کرے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف ان دنوں دورہ امریکا پر ہیں جہاں وہ امریکی صدر براک اوباما اور دیگراعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ گزشتہ روز سیکریٹری خارجہ نے اعزاز چوہدری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم نوازشریف امریکی صدر سے ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.